کھیل

شاہین شاہ آفریدی لنکا پریمیئر لیگ ادھوری چھوڑ کر وطن واپس پہنچ گئے

شاہین شاہ آفریدی لنکا پریمیئر لیگ ادھوری چھوڑ کر وطن واپس پہنچ گئے
پاکستان کے اسٹار فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی ذاتی وجوہات کی بناء پر لنکا پریمیئر لیگ (ایل پی ایل) ادھوری چھوڑ کر وطن واپس آ گئے۔
تفصیلات کے مطابق شاہین شاہ آفریدی پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) سے این او سی حاصل کرنے کے بعد پہلی مرتبہ ایل پی ایل میں شریک ہوئے تھے جہاں وہ کینڈی رائلز کی نمائندگی کر رہے تھے۔
انہوں نے کینڈی رائلز کی نمائندگی کرتے ہوئے 6 میچز میں 7 وکٹیں حاصل کیں اور ٹیم کے بولنگ اٹیک میں اہم کردار ادا کیا۔
چند روز قبل کولمبو کیپیٹلز کے خلاف میچ میں شاہین اس وقت خبروں کی زینت بنے تھے جب انہیں امپیکٹ پلیئر کے طور پر استعمال کیا جانا تھا لیکن انتظامی غلطی کے باعث ان کا نام سرکاری ٹیم شیٹ میں شامل نہ ہو سکا جس کے نتیجے میں وہ میچ نہیں کھیل سکے۔
بعد ازاں کینڈی رائلز نے اس غلطی پر معذرت کرتے ہوئے اسے ٹیم کے تجزیہ کار کی انتظامی کوتاہی قرار دیا جس کے بعد شاہین نے دوبارہ ٹیم کی نمائندگی جاری رکھی۔
ذرائع کے مطابق اس مرتبہ ان کی وطن واپسی کا تعلق سابقہ تنازع سے نہیں بلکہ صرف ذاتی مصروفیات سے ہے۔
تاہم اگر کینڈی رائلز پلے آف مرحلے میں جگہ بنانے میں کامیاب ہوتی ہے تو شاہین کی دوبارہ ٹیم میں واپسی کا امکان موجود ہے اگرچہ اس حوالے سے تاحال کوئی باضابطہ اعلان سامنے نہیں آیا ہے۔
قارئین کی رائے

ہر قاری ایک براؤزر سے ایک رائے دے سکتا ہے۔ اس سے نیوز روم کو سمجھ آتی ہے کہ کون سی خبر پسند کی جا رہی ہے۔

اس مضمون کو اپنی ویب سائٹ پر شامل کریں